پاکستان اور یو اے ای کا خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں میں ایک دوسرے کیساتھ اظہاریکجہتی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور یو اے ای نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں میں ایک دوسرے کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اہم شعبوں میں ٹھوس اور بامعنی دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مشاورت اور تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 12-13 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ تیسرا دورہ تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید النہیان سے دوطرفہ ملاقات کی۔ دو طرفہ ملاقات میں وزیراعظم کو صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انتہائی گرمجوشی اور دوستانہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاات میں علاقائی سیاسی اور سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں لیڈروں نے سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے اور انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مخصوص اقدام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران خاص طور پر اس مقصد کے لیے قائم کیے گئے ہوائی پل کے ذریعے یو اے ای کی فراخدلانہ مدد پر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا۔ اہم شعبوں میں ٹھوس اور بامعنی دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ، دونوں فریقوں نے سٹریٹجک شراکت داری اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مشاورت اور تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اور ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا ہے، فریقین نے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر خیالات کی یکسانیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں ممالک نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں میں ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اہم شعبوں میں ٹھوس اور بامعنی دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ، اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مشاورت اور تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں فریقوں نے انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے، معلومات کے تبادلے اور دونوں ممالک کی سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید النہیان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے دعوت قبول کر لیا گیا۔