وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد (ان لائن) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور حکمران اتحاد نے تحریک انصاف سے کہا ہے کہ وہ اداروں پر الزام تراشی چھوڑ کر پرویز الٰہی کیلیے اعتماد کے ووٹ کیلیے اراکین پورے کرے۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا اس اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری،وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے ساتھ ساتھ وفاقی وزراء مولانا اسعد الرحمان،اسحاق ڈار،شیری رحمان،معاون خصوصی فہد حسین اور اے این پی کے میاں افتخار نے بھی شرکت کی ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی اور پنجاب کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور وزیراعظم نے اس بارے شرکا سے مشاورت بھی کی۔شرکاء کا موقف تھا کہ پرویز الٰہی کا اعتماد کا ووٹ لینا آئینی تقاضا ہے عدالت عالیہ لاہور کی بدھ کی سماعت پر اظہار اطمینان بھی کیا گیا وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پرویز الٰہی اور عمران خان اپنے اراکین پورے کریں کسی اور کو الزام نہ دیں۔کبھی کسی ادارے پر الزام کبھی کسی پر مگر ان بے ہودہ الزامات کی حقیقت قوم جان چکی ہے بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اس ساری صورتحال میں غیر سیاسی ہے اداروں کو بدنام کرنا عمران نیازی کا وطیرہ پے کیونکہ پنجاب میں اس کی حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اور جلد عوام کی نمائندہ حکومت بنے گی عمران خان ایک نا اہل لیڈر ہے جس کا کوئی مستقبل نہیں ہے اجلاس میں پنجاب میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں وفاقی حکومت کی ممکنہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں آٹے کی مہنگائی روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔