اسلام آباد،گھوٹکی (آن لائن)ماڑی پیٹرولیم کمپنی نے سندھ میں ماڑی غازی جے-1 میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا۔ ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس دریافت ہوئی، ماڑی غازی جے 1 کی تلاش کے لیے کنویں پر 24 نومبر 2022 کو کام کا آغاز کیا گیا۔، ابتدائی طور پر یومیہ 51 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔کمپنی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گھوٹکی میں کنویں کی 1015 میٹرتک کھدائی کی گئی۔ ذخائر میں گیس کے بہاؤ کی شرح 5.1 ملین معیاری کیوبک فٹ ہے۔نئی دریافت سے ملک کے ہائیڈرو کاربن ذخائر کی بنیاد میں اضافہ ہوگا۔ ایم ڈی ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر اس دریافت کو کمپنی کے جیو سائنسدانوں کے مرہونِ منت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کمپنی اب جلد اس دریافت کے حجم اور ساتھ ہی ترقیاتی اخراجات کا جائزہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ماڑی پیٹرولیم موجودہ گیس کے کنوؤں سے پیداوار بڑھا کر اور نئے ذخائر کی دریافت سے ملک میں گیس کی کم ہوتی مقدار کو بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔فوجی فاؤنڈیشن کے ایم ڈی،سی ای او اور چیئرمین MPCLبورڈ آف ڈائریکٹرز نے MPCL کی انتظامیہ کو مختلف ساخت کی زمین میں اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈایک مربوط ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنی ہے۔ جو اس وقت ماڑی ڈی اینڈ پی لیز ایریا، ڈھرکی، سندھ میں پاکستان کے سب سے بڑے گیس کے ذخیرے کو چلا رہی ہے۔ ماڑی پیٹرولیم %23 مارکیٹ شئیر کیساتھ ملک میں گیس کی پیداوار کے حوالے سے دوسرا بڑا ادارہ ہے۔ اس سے قبل بھی گھوٹکی میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہو چکے ہیں۔
Load/Hide Comments



