بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی پر ہندووں کو اْکسانا عام ہوگیا، امریکہ

واشنگٹن(ان لائن) امریکہ نے کہا ہے کہ بھارت میں بالخصوص مسلم اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیاں اتنی سنگین ہو گئی ہیں کہ نفرت انگیز تقاریر میں مسلمانوں کی نسل کشی اور قتلِ عام پر ہندووں کو اْکسانا عام ہو گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی مذہبی ازادی کے امریکی کمیشن کی سابق چیئرپرسن نڈین میئزا نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسی نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو انتہا پسند جماعت کی مکمل حمایت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسندوں کے خلاف احتجاج کا حق استعمال کرنے پر مسلمانوں کے گھروں اور املاک کو بْلڈوز کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسجدوں کو نذرِ اتش کرنے یا گرانے کا خطرہ مسلسل برقرار رہتا ہے، ان کیسز میں بھارتی عدالتیں اکثر ہندو انتہا پسندوں کا ساتھ دیتی ہیں۔