اسلام آباد (ان لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے جنیوا روانہ ہوگئے ہیں۔ترجمان وزیراعظم کے مطابق وزیر اعظم کے وفد میں وزیر خارنہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب شامل ہیں۔وزیر اعظم 09 جنوری 2023 کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرینگے پاکستان کانفرنس میں تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا، اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دے گا۔ کانفرنس میں اعلی افتتاحی اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر تعمیر نو اور سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی میں شراکت کی دستاویز کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد پارٹنر سپورٹ کے اعلانات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ میں بھی شرکت کریں گے۔کانفرنس میں سربراہان مملکت و حکومت، وزراء اور متعدد ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فاؤنڈیشنز اور فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے۔
Load/Hide Comments



