سیاسی و عسکری قیادت ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی اتحاد تنظیم المدارس کے وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی ہے ملاقات کرنے والے وفد میں پانچ وفاق المدارس کے سربراہان اور عہدیداروں شامل تھے۔مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن، علامہ ساجد میر بھی شریک تھے۔ذرائع کے مطابق علماء کرام نے دینی مدارس سے متعلق مسائل پر وزیر اعظم کو آگاہ کیا، دینی مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ بھی وزیر اعظم کے سامنے اٹھایا گیا، ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر بھی بات چیت ہوئی،وزیراعظم کی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء دہشتگردی و انتہاپسندی اور مذہبی منافرت کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ پوری قوم دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف ایک بیانیہ پر متفق ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بعد ازاں وزیر اعظم کی جانب سے علمائے کرام کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔