اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس اہداف کی وصولی یقینی بنانے اور ٹیکس نہ دینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کردی۔ملک میں تمباکو کی غیر قانونی اسمگلنگ اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے وزیراعظم کی زیرصدار اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، چئیرمین ایف بی آر عاصم احمد اور اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی سے دسمبر تک تمباکو کے سیکٹر سے 83.5 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکے ہیں، جو کہ گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس سے 26 فیصد زیادہ ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ایک جامع حکمت عملی سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنائے تاکہ سگریٹ اور تمباکو کے سیکٹر میں ٹیکس چوری کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔شہباز شریف نے ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے ایف بی آر حکام کی کاوشوں کو سراہا، اور انہیں کوششیں مزید تیز کر کے ٹیکس وصولی کے نظام میں خاطر خواہ بہتری لانے کی ہدایت بھی کی۔
Load/Hide Comments



