ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

بنگلو (آن لائن)بھارت نے پاکستان کوویزے تو نہ دیئے لیکن ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے چوتھے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو دیدی۔ پاکستان آئندہ سال نومبر میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا ۔تفصیل کے مطابق ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کی سالانہ جنرل کونسل کا اجلاس بھارت کے شہر بنگلور میں منعقد ہوا۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ کوویزہ جاری نہ ہونے کے باعث بھارت نہ جا سکے، سید سلطان شاہ نے ویڈیو لنک پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بھارت میں منعقدہ تیسرے ٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے سیاسی بنیادوں پر بھارت کیجانب سے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں بھارت کے اقدام کیخلاف قرار داد بھی منظورکی گئی۔ اجلاس میں چوتھے بلائنڈ ورلڈ کپ 18نومبر 2024سے پاکستان میں منعقد کروانے کی منظوری دی گئی جبکہ سید سلطان شاہ کو دوبارہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا صدر بھی منتخب کیا گیا.