اسمبلیاں تحلیل کی تاریخ کا اعلان 20 دسمبر سے قبل کردیں گے، عمران خان

لاہور(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر ق لیگ اور پی ٹی آئی ایک پیج پر ہیں، پنجاب اسمبلی اسی ماہ تحلیل کردی جائے گی،ق لیگ کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ تفصیل کے مطابق چئیرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت، بھکر، ساہیوال سرگودھا ڈویژن اور میانوالی اراکین اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ دونوں ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز نے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی۔اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا کہ اسی ماہ اسمبلی تحلیل ہونے جارہی ہے، ہماری سیاست ملک سے بالاتر نہیں ہے، مسلم لیگ ق اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر ایک پیج پر ہے، ق لیگ اہم اتحادی ہے انھیں اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پی ڈیم ایم حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، 20 دسمبر سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔ دریں اثنا اسپیکر پنجاب سبطین خان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ تمام ارکان اسمبلی نے عمران خان کے فیصلے کی توثیق کردی ہے جلد اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی۔