انا کو مارنا ہوگا، قومی مفاد کیلئے اختلافات کو بھلا سکتے ہیں،شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تالی ایک نہیں، دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، ہم قومی مفاد کی خاطر تمام اختلافات بھلا سکتے ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدر سے ملاقات میری اجازت سے ہوئی، پاکستان کے لیے ایک کیا سو قدم بھی آگے بڑھا سکتے ہیں، پاکستان کے لئے اپنی انا کو مارنا ہوگا،عمران خان اپنے آخری دنوں میں ہمارے لیے کانٹے بچھا کر گئے لیکن پاکستان کو ڈیفالٹ کی صورتحال سے بچا لیا ہے،حکومت میں آئے تو آئی ایم ایفکے سامنے ایڑیاں رگڑیں، عالمی مالیاتی ادارے نہ پتا نہیں کہاں کہاں انگوٹھے لگوائے،ڈیلی میل میں جھوٹی خبر شائع کرانا عمران نیازی کی سازش تھی، ان کی کوشش تھی پاکستان کو کوئی عالمی گرانٹ نہ ملے، دو سال کی تحقیقات میں کچھ ثابت نہ ہوا، دس سال گزر جائیں یا بیس سال سچ سامنے آکر رہتا ہے، عمران خان کا کام دن رات جھوٹ بولنا ہے، توشہ خانہ کی گھڑی بیچی اور رسید بھی جعلی بنوائی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزراء سینیٹر اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب اور احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کچھ معاملات پر گفتگو کرنا چاہتا ہوں، پچھلی حکومت نے نواز شریف اور ہمارے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے، الزامات کا مقصد نواز شریف اور مجھے پارٹی کو بدنام کرنا تھا، اصل کیس پانامہ کا تھا اور سزا اقامہ میں ہوئی، پانامہ میں نواز شریف کا دور دور نام نہیں تھا، نواز شریف پر گند اچھالا گیا، جسٹس شوکت صدیقی کا بیان بھی سب کے سامنے ہے، دس یا بیس سال گزر جائیں سچ سامنے آکر رہتا ہے.