صدر،وزیر اعظم سے اعلیٰ عسکری قیادت کی ملاقات

اسلام آباد(آن لائن)ایوان صدر میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت کی ملاقات میں قومی سلامتی کے امور سمیت پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے،ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایوان صدر میں صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی،چاروں کی ملاقات ایوان صدر کے خصوصی میٹنگ روم میں اعزازات کی تقریب کے بعد ہوئی،صدر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل عاصم منیر کو نشان امتیاز ملٹری ملنے پر مبارک باد دی،ملاقات میں قومی و داخلی سلامتی سے متعلق صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجوں پر بھی بات چیت ہوئی،صدر وزیراعظم نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا،ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران صدر،وزیر اعظم نے پاکستان کے استحکام آئین کی بالادستی اور اداروں کی مضبوطی کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر واضح کیا۔قبل ازیں ایوان صدر میں اعزازات دینے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، صدر عارف علوی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ہلال امیتاز ملٹری سے نواز ا،وزیر اعظم شہباز شریف نے اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔