اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی، ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سلیمان شہباز کی جانب سے دائر درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ حفاظتی ضمانت کیلئے ملزم کا ہونا ضروری ہے۔وکیل درخواست گزار امجد پرویز نے سلیمان شہباز کا ٹکٹ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ سلیمان شہباز سعودی ایئر لائن کے ذریعے اتوار کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر پہنچیں گے، عدالت نے سلیمان شہباز 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دیتے ہوئے حفاظتی ضمانت منظورکرلی،عدالت نے ایف آئی اے کو وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سلیمان شہباز کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، سلیمان شہباز پیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کرے۔یاد رہے کہ سلیمان شہباز آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کے ملزم ہیں۔