اسلام آباد(آن لائن) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کیلئے کوئی بھی سیاسی جماعت یا سیاستدان پسندیدہ نہیں ہے ہمارا کام آئین اور قانون کے مطابق صاف،شفاف انتخابات کا انعقاد اوردھاندلی کو روکنا ہے سیاسی جماعتیں ملکی ترقی اور جمہوریت کی بقاء کیلئے الیکشن کمیشن کا ساتھ دیں،الیکشن کمیشن سے فیصلوں میں غلطی ہوسکتی ہے تاہم متاثرہ فریق کیلئے عدالتوں کے راستے کھلے ہیں،انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے مخالف نہیں ہیں تاہم جلد بازی میں پورے انتخابی عمل کو مشکوک بنانا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ووٹرز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب اور صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی ملاقات کے موقع پر کیا تقریب الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں کے علاوہ انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے والے اداروں کے سربراہان سمیت سول سوسائٹی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے الیکشن کمیشن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیل سے احاطہ کیا بعداز اں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ کمیشن نے ملکی سطح پر ہونے والے قومی اسمبلی،صوبائی اسمبلیوں اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کے سلسلے میں موثر اقدامات کئے اور کسی افسران سمیت سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور حکومتی شخصیات کے خلاف کاروائیاں کی وجہ سے کئی حکومتی وزرا کو ضمنی انتخابات سے قبل حلقوں میں انتخابی عمل میں حصہ لینے کیلئے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا پڑا انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات کرانا ایک بڑا چیلنج تھا کیونکہ کوئی بھی صوبہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتا تھا مگر ہم نے فنڈز کی قلت کے باوجود خیبر پختونخوا،بلوچستان اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات کامیابی سے کرائے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کے انعقادکے لیے 2 بار حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا مگر صوبائی حکومت کے بار بار قوانین میں ترامیم کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہوسکااور اب یہ انتخابات اپریل کے اخری ہفتے میں ہونگے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت پر واضح کیا ہے کہ اگر اس بار قوانین میں کوئی تبدیلی کی گئی تو الیکشن کمیشن اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے پرانے قوانین کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے گی۔
Load/Hide Comments



