باکو (آن لائن) آزربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ پاکستانی چاول کی آزربائیجان درآمد پر پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ کا فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ ہونے والی دو ملاقاتوں میں بات چیت کا نتیجہ ہے۔ جب ہمارے برادر ملک سے ہمیں اعلی معیار کا چاول مل سکتا ہے تو ہم کسی اور جگہ سے کوئی منگوائیں۔ گوادر بندرگارہ خطے کو جوڑنے کا بہت بڑا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس بندرگاہ کو ہمارے انفراسٹرکچر سے جوڑنا کوئی بڑی بات نہیں۔ خطے کو باہم ملانے سے تجارت کے نئے امکانات پیدا ہوں گے لیکن اس کے لئے تمام ممالک کو مل کر مخلصانہ تعاون کی بنیاد رکھنا ہوگی۔ وہ ”وسطی راہداری کے ساتھ:جیوپالیٹکس، سکیورٹی اینڈانوائرنمنٹ“ کے موضوع پر منعقدہ عالمی سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ آزربائیجان کے صدر نے وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستان کو بھائی اور قریبی دوست قرار دیا۔ اس موقع پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے ’سینٹر فار گلوبل اینڈ سٹرٹیجک سٹڈیز‘(سی۔جی۔ایس۔ایس) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم کے پاکستانی چاول کی درآمد پر آئندہ پانچ سال تک آزربائیجان کی جانب سے ہر طرح کے ٹیکس استثنٰی اور جنوبی ووسطی ایشیاء کو جوڑنے کے حوالے سے سوال پر آزربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران میری دوبار وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سے ملاقات ہوئی ہے۔ ہم نے مجموعی طور پر دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ہم نے بات کی ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود دوستی، بھائی چارے اور تعاون کو کیسے وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں کہاس نے ہماری مسلسل حمایت کی ہے۔ آزربائیجان اور رومانیہ کے کشیدہ تعلقات کے تناظر میں قبضے اور جنگ کے دوران اور پھر ہمارے خطے کی آزادی کے موقع پر پاکستان نے ہمارا مسلسل ساتھ دیا ہے۔ آزربائیجان کے عوام پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اس سیاسی واخلاقی حمایت کی بے پناہ قدر کرتے ہیں۔ آزربائیجان کے صدر نے کہاکہ میری وزیراعظم شہبازشریف سے بات چیت ہوئی ہے کہ کیسے ہم دونوں ممالک کے درمیان معاشی وتجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ اس میں مزید اضافہ کیسے اور کس طرح کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سے چاول کی درآمد پر خصوصی ریگولیشن وزیراعظم شہبازشریف سے ہونے والی اسی بات چیت کی جھلک ہے۔ ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو تیز کرنے اور بڑھانے کا جو فیصلہ کیا تھا، یہ اسی کا نتیجہ ہے۔
Load/Hide Comments



