چینی وزیراعظم کے کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے مذاکرات

بیجنگ (آن لائن) چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے نوم پنہ میں کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین سے مذاکرات کیے۔جمعرات کے روز لی کھہ چھیانگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ تمام ممالک،خواہ وہ چھوٹے ہوں یا بڑے سب برابر ہیں۔ چین، قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہنے اور بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر اہم کردار ادا کرنے کے حوالے سیکمبوڈیا کی حمایت کرتا ہے۔ چین کی خواہش ہے کہ اعلی سطحی تبادلوں کو بر قرار رکھا جائے اور باہمی مفادات سے متعلق اہم امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی جائے تاکہ دو طرفہ تعلقات کی پائیدار اور مثبت ترقی کو فروغ دیا جاسکے اور دونوں ممالک کے عوام کو بہتر انداز میں فائدہ پہنچایا جاسکے۔ لی کھہ چھیانگ نے نشاندہی کی کہ چین کمبوڈیا کی سود مند زرعی مصنوعات کی درآمدات میں توسیع کی حمایت کرتا ہے، کمبوڈیا میں صنعتکاری کو تیز کرنے، سڑکوں، طبی سہولیات اور پانی کی فراہمی جیسے منصوبوں پر عمل کرنے میں کمبوڈیا کی مدد کرنے کا خواہاں ہے نیز سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں میں اضافے اور کمبوڈیا کے طلبہ کے لیے چین میں تعلیم حاصل کرنے کاخیر مقدم کرتا ہے۔