مصطفی نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے۔سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو جمع کرا دیا جس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے ان کا استعفی منظور کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے دیے گئے استعفے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی ہدایت پر اپنا استعفیٰ پیش کر رہا ہوں استعفے کی وجہ بتاتے ہوئے مصطفی کھوکھر نے کہا کہ پارٹی کے سینئر رہنما سے ملاقات میں معلوم ہوا کہ پارٹی کی قیادت میرے سیاسی موقف سے خوش نہیں، پارٹی کی قیادت نے سینیٹ کی رکنیت سے میرا استعفیٰ مانگا ہے، جس پر میں بخوشی ایوانِ بالا سے استعفیٰ دینے پر راضی ہوں، بطور پارٹی ورکر عوامی مفاد کے امور پر رائے کا اظہار کرنا اپنا حق سمجھتا ہوں، سینیٹ کی نشست دینے پر پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوں۔سندھ سے سینیٹ کی نشست دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے یہ ان کے ساتھ ایک شاندار سفر رہا ہے اور میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ کیا ہم انڈین لوک سبھا کے اراکین ہیں؟ ہمارے فونز کو مسلسل ٹیپ کیوں کیا جاتا ہے؟ نقل و حرکت کی نگرانی کی جاتی ہے اور رازداری پر حملہ کیوں کیا جاتا ہے؟انہوں نے کہا کہ سیاست دان، جج اور صحافی اکثر اس کا شکار ہوتے ہیں، ہم ریاست کا اتنا ہی حصہ ہیں جتنا کہ کوئی اور، ہم غدار نہیں۔ کچھ لوگ میر ے سیاسی مستقبل سے متعلق اندازے لگار ہے ہیں میں سیاسی مستقبل سے متعلق واضح کردوں کہ میں کسی سیاسی جماعت میں نہیں جار ہا، میر ی کوشش ہو گی کہ میں غیر جانبداری اور آزادی برقرار رکھ سکوں.