لانگ مارچ کو ناکام بنانے کیلئے پی ڈی ایم کے تین بڑوں نے سر جوڑ لیئے

اسلام آباد(آن لائن)حکمران اتحاد کے تین بڑوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا لانگ مارچ ناکام بنانے کے لئے سرجوڑ لئے ہیں اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کا ہر قیمت پر دفاع ہو گا عمران خان کو اس کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے موجودہ سیاسی صورت حال اور عمران خان کے اسلام آباد کی طرف بڑھتے لانگ مارچ کے تناظر میں مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطے کئے اور ان کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں نے عمران خان کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا فیصلہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔عمران خان کو چڑھائی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ خونریزی اور خونی انقلاب سے متعلق عمران خان کے بیانات سے اس کے عزائم واضح ہو گئے ہیں پھر اس کی جماعت کے رہنما سرعام مسلح ہونے اور بندوقیں ساتھ لانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ یہ مصدقہ چور ملک میں فساد برپا کرنا چاہتا ہے ہر قیمت پر روکیں گے اور حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ قومی ریاستی اداروں کو عمران خان ایک منصوبہ بندی کے تحت ٹارگٹ کر رہا ہے ہمیں چور ڈاکو کہنے والا الیکشن کمیشن سے مصدقہ چور قرار پایا ہے پاکستان کو اس سیاسی فتنے سے نجات دلانا ضروری ہے۔