لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ بہت کچھ کہہ سکتا ہوں، نہیں چاہتا ملک کمزور ہو، میں اپنے ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، میں نواز شریف کی طرح بھگوڑا نہیں ہوں، صاف اور شفاف الیکشن چاہتا ہوں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے لاہور کے مختلفعلاقوں میں ’حقیقی آزادی لانگ مارچ‘ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی 26سال کی سیاست کی جدوجہد میں یہ میں سب سے اہم سفر شروع کررہا ہوں، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس ملک کی حقیقی آزادی کا سفر شروع کریں۔ میں تمام پاکستانیوں کو پیغام دے رہا ہوں میرا یہ مارچ سیاست، الیکشن یا ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ اس کا سرف ایک مقصد ہے کہ میں اپنی قوم کو آزاد کروں اور اس کو ایک آزاد ملک بناؤں، اس ملک کے فیصلے لندن یا واشنگٹن میں نہ ہوں، اس ملک کے فیصلے پاکستان میں ہوں اور پاکستانیوں کے لیے ہوں۔ ہم آئین اور قانون کے مطابق چلیں گے، سپریم کورٹ نے ہمیں جن علاقوں میں مارچ کی اجازت دی ہے، ہم صرف ان علاقوں میں جائیں گے، کوئی قانون نہیں توڑیں گے، ریڈ زون میں نہیں جائیں گے۔ میں سپریم کورٹ سے کہنا چاہتا ہوں کہ 25مئی کو آپ نے ہمارے جمہوری حق کا تحفظ نہیں کیا، ہمیں مارا گیا، لوگوں کو اٹھایا گیا، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جو ہمارا بنیادی حق تھا، اس کو تحفظ نہیں دیا گیا۔انہوں نے لانگ مارچ کے سفر کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ کسی بھی قسم کا انتشار نہ ہونے دیں کیونکہ تحریک انصاف وہ جماعت ہے جو سب انسانوں کو لے کر چلتی ہے۔لبرٹی چوک میں خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے پنجاب میں شہید ارشد شریف یونیورسٹی آف جرنلزم بنانے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں لبرٹی چوک سے لانگ مارچ کا آغاز ہو گیا جو لاہور کے مختلف علاقوں سے گزرا، لانگ مارچ آج گوجرانوالہ روانہ ہو گا.
Load/Hide Comments



