اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے سنیر صحافی ارشد شریف کے قتل کے معاملے پران کے اہلکخانہ،صحافی برادری اور پوری قوم کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ اعلیٰ عدالتی کمیشن سے شفاف تحقیقات کرائیں گے اور حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔ اپنے ایک ویڈیوپیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز کینیا میں سینئر صحافی ارشد شریف کے ساتھ جو اندوہناک واقعہ پیش آیا، وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ پاکستان کی عوام ان کی موت پر انتہائی افسردہ ہیں اور اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ گزشتہ روز سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے میں نے کینیا کے صدر سے خود بات کی اور ان سے گزارش کی کہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ ہمیں فورا بھجوائیں اور میت فوراً پاکستان بھجوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کینیا کے صدر نے مجھے پورا یقین دلایا کہ اس ضمن میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ کینیا کے صدر نے ارشد شریف کی موت پر مجھ سے اظہار افسوس کیا، میں نے فیصلہ کیاہے کہ واقعے کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے شفاف تحقیقات کرائیں گے، کمیشن بنانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کو درخواست دینگے جبکہ اس فیصلے کی وفاقی کابینہ سے بھی توثیق کرائی جائے گی، پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں یہ واقعہ ہم سب کیلئے انتہائی قابل افسوس ہے،اس واقعے کی شفاف تحقیقات ہوں گی،حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔
Load/Hide Comments



