عمران خان کی نا اہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست پیر کو سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر کر دی۔عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔سابق وزیر اعظم کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے آج ہی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کی گئی۔عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے متعدد اعتراضات عائد کیے گئے جس میں کہا گیا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کرائی اور عمران خان کے نااہلی کے فیصلے کی مصدقہ نقل درخواست کے ساتھ منسلک نہیں۔بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست پیر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر کو کیس کی سماعت کریں گے۔