ریاست مدینہ کے دعویدار نے دوست ممالک کے تحفے بیچ ڈالے،عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل جاری

اسلام آباد (آن لائن)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور بشری’ بی بی کوملنے والے غیرملکی تحائف کی تعداد اور ادا کی گئی رقم کی تفصیل جاری کر دی گئی ہے۔سرکاری طور پر جاری کی گئی تفصیل کے مطابق مجموعی طور پر 13 کروڑ89 لاکھ 49 ہزار 400 روپے مالیت کے تحائف عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ملے جنہیں 3 کروڑ78 لاکھ 84 ہزار50 روپے کے عوض خرید ا گیا،عمران خان نے 2019 کے بعد سے کوئی تحفہ ظاہر نہیں کیا،غیرملکی تحائف حاصل کرنے کے لئے قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، لوٹ مار کا بازار گرم کیاگیا۔ عمران خان، بشری بی بی اورسابق وزرا نے تحائف چھپائے، ادائیگی کے بغیر تحفے حاصل کرلئے۔حیرت انگیز طور پر سابق وفاقی وزراء اسد عمر، غلام سرور، عمر ایوب خان اور مرزا شہزاد اکبر بیگ کو ملنے والے تحائف کے بارے میں کوئی معلومات ریکارڈ پر موجود نہیں۔ عمران خان کے دوست عمر فاروق، شاہ محمود قریشی، حفیظ شیخ، شیخ رشید، شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید، حماد اظہر، ملک امین اسلم، شوکت ترین اور سید ذلفی بخاری بھی عمران خان کے ساتھ سعودی عرب کے دورے کرچکے ہیں۔ ان میں سے کسی نے ملنے والے تحائف ظاہر نہیں کئے۔ رقوم ادا کئے بغیر تحائف گھر لے گئے۔ یہ اقدام قانون کی حکمرانی، ریاست مدینہ کے اصولوں، قانون اور خود عمران خان کے دعووں کی کھلی نفی ہے۔ سابق وزیراعظم نے مشرق وسطی کے ممالک کے جتنے دورے کئے، ہر دورے میں ملنے والے تحائف کے ساتھ ہی مجرمانہ حرکت کی گئی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے ملنے والے تحائف کو دانستہ چھپایا۔قانون کی خلاف ورزی کی۔ عمران خان اور بشری بی بی نے یہ تحائف قانون کے مطابق ظاہر نہیں کئے بلکہ انہیں دانستہ طور پر چھپایا۔ تحائف پہلے فروخت کئے اورمنافع کمانے کے بعد پھر خریداری کی سرکاری رقم اْس میں سے ادا کی گئی۔ یہ اختیارات اور عہدے کا ناجائز استعمال بھی ہے۔ 20 فیصد کی رقم ادا کرکے گھڑیاں لی گئیں۔ توشہ خانہ کی دستاویزات سے ہونے والے انکشافات کی تفصیل توشہ خانہ کابینہ ڈویژن کا ایک ذیلی محکمہ ہے۔ عمران خان نے میڈیا میں سامنے آنی والی ایک قیمتی گھڑی کے علاوہ 3 مزید گھڑیاں بھی فروخت کیں جن سے مجموعی طور پر انہوں نے 3کروڑ60 لاکھ روپے کا منافع کمایا۔ خلیجی ملک کے شاہی خاندان کی طرف سے ملنے والی قیمتی گھڑی عمران خان نے 52 لاکھ روپے میں فروخت کی۔ 7 لاکھ 54 ہزار روپے ادا کرنے کے بعد اس تحفے پر عمران خان نے 45 لاکھ روپے منافع کمالیا اور جیب میں ڈال لیا۔واضح رہے کہ دوست ممالک کے تحفے فروخت کرنے پر خارجی معاملات میں سبکی کا سامنا ہوسکتا ہے.