پی جے ایل میں حیدر آباد ہنٹرز کی ٹیم شکار ہو گئی:ڈیرن سیمی

لاہور (آن لائن) پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور اور سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ پی جے ایل میں حیدر آباد ہنٹرز کی ٹیم شکار ہو گئی ہے حالانکہ ہنٹرز ہم تھے تاہم ہمارا ہی شکار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان جونیئر لیگ میں حیدر آباد ہنٹرز کوئی میچ نہ جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہی اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مینٹور حیدر آباد ہنٹرز ڈیرن سیمی نے کہا کہ کوئی میچ نہ جیت کر ایونٹ سے باہر ہونا مایوس کن ہے، میں نے مینٹور کی حیثیت بہت کچھ بتانا چاہا جو کہ میرا کام بھی تھا تاہم ضرورت پلان پر عمل کرنے کی ہے، پلان پر عمل کی کمی تھی جو ٹیم کے لیگ سے باہر ہونے کا سبب بنی۔ڈیرن سیمی کے مطابق ہم ایک بھی میچ نہیں جیتے، کھلاڑیوں نے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی اور ہم شکار ہو گئے، تمام کوچنگ اسٹاف کو مایوسی ہے کہ ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ جونیئر کی سطح پر لیگ درست سمت میں ایک قدم ہے، کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے گا، ٹی ٹوئنٹی کا ایکسپوڑر نوجوانوں کو مستقبل میں کام آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ٹیلنٹ بھی سامنے آیا ہے، بیٹر باسط علی سمیت دو تین فاسٹ بولرز اور اسپنرز اچھے سامنے آئے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان جونیئر لیگ کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہیں اور گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں گوجرانوالا جائنٹس نے حیدرآباد ہنٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔