لانگ مارچ کرنے والوں سے 25 مئی سے زیادہ سختی سے نمٹیں گے،رانا ثناء اللہ کاانتباہ

فیصل آباد(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان سے متعلق بیان دیکر چول مار ی ہے،وزیر داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کیا ہے کہ جتھہ کلچر کو ہر قیمت پر روکیں گے، لانگ مار چ کرنیوالو ں سے 25 مئی کی پالیسی کو 10 سے ضرب دے کر نفاذ کریں گے۔ضمنی الیکشن کے لئے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی صدر کے پاکستان سے متعلق ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا امریکی صدر نے خوامخواہ بات کر دی اس معاملے میں پاکستان کا ذکر بھی نہیں تھا۔ضمنی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کسی جگہ پر بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، اگر کسی سے ملنے یا خوشی غم کے لیے گیا ہوں تو اسے الیکشن مہم نہیں کہا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا شفاف الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر فیڈرل ایجنسی سمیت سب کو عمل کرنا چاہیے، اب تک دو مقامات پر معمولی واقعات رونما ہوئے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا مجھے بتایا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن کا ٹرن آؤٹ 20 سے 25 فیصد ہے، انہوں نے کہا کہ اس ضمنی انتخابات پر حکومت کا دارومدار نہیں ہے، آج الیکشن کمیشن کے پاس تمام اختیارات ہیں اور تمام ایجنسیوں کو ان احکامات پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ووٹر گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، پولنگ کا عمل شفاف پرامن طریقے سے جاری ہے جبکہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض بہتر طریقے سے سرانجام دے رہا ہے، رینجرز اور پولیس سمیت سب اداروں نے اچھا کام کیا ہے جبکہ گنتی کے عمل کو قانون اور ضابطے کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ضمنی الیکشن میں عوام کا فیصلہ تسلیم کیا جانا چاہیے اور عام انتخابات کا جو فیصلہ ہو گا وہ بھی سب کو ماننا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ میں نے کسی کی انتخابی مہم نہیں چلائی بلکہ میں کسی کی خوشی و غمی میں شریک ہونے گیا تھا۔پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جتھہ کلچر کو ہر قیمت پر روکیں گے، 25 مئی کی پالیسی کو 10 سے ضرب دے کر نفاذ کریں گے۔ انہوں نے کہا مہوری عمل کے ذریعے تبدیلی لائیں تو ہمیں منظور ہے،لانگ مارچ کے ذریعے حکومت تبدیل نہیں ہوگی۔ ملک میں فتنہ فساد کا کلچر نہیں چلنے دیں گے، پرویز الٰہی میں کوئی جن گھس گیا ہے، گرفتاری کا خوف نہیں گرفتار کر لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مشروط مذاکرات نہیں کریں گے، کسی شرط کے بغیر چاہیں تو مذاکرات کے لئے تیار ہیں، بیشک الیکشن پر کریں،ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔ پارٹی نے نواز شریف کو درخواست کی ہے کہ وہ آئندہ الیکشن سے پہلے پاکستان آئیں اور الیکشن مہم کو لیڈ کریں۔