عمران خان حکومت سازش سے نہیں ہٹائی گئی تو تحقیقات سے فرار کیوں؟، فواد چودھری

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر عمران خان حکومت سازش سے نہیں ہٹائی گئی تو تحقیقات سے فرار کیوں؟ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چودھری نے لکھا کہ سائفر پر صدر نے کیا کہا اور نون لیگ کے ترجمان صحافیوں نے کس طرح صدر کے بیان کو پیش کیا اس سے اندازہ لگا لیں کہ یہ کیسے لوگ ہیں کہ سفید جھوٹ بولنے میں بھی ان لوگوں کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔انہوں نے لکھا کہ سیدھی بات ہے اگر عمران خان حکومت سازش سے نہیں ہٹائی گئی تو تحقیقات سے فرار کیوں؟سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی ابتر صورتحال کے حوالے اسٹیٹ بینک کی رپورٹ انتہائی مایوس کن ہے، گروتھ ریٹ کی شرح دو فیصد کامطلب انتہائی بیروزگاری ہے، مہنگائی میں مزید اضافہ اور بیروزگاری ایک خطرناک مجموعہ ہے جو غربت میں تیزی سے اضافہ کرے گا۔سیاسی عدم استحکام نے ملک کی معیشت کو گھٹنوں کے بل کردیا ہے۔