اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انتخابات مسائل کا حل ہوتے ہیں اوریہ سیاسی تقسیم اور کشیدگی کو کم کرسکتے ہیں۔جمعرات کو اسلام آباد میں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے سینئرصحافیوں سے ملاقات کے دوران اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت اوراپوزیشن میں کشیدگی کم کرانیکی کوششیں کرتا رہوں گا تاہم یہ کوششیں کامیاب ہوں گی یا نہیں،اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ صدرمملکت نے کہا کہ میں بروکرنہیں لیکن کشیدگی کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھی جاسکتی ہیں، خاندان کے جھگڑے بھی بعض اوقات کوشش کے باوجود ختم نہیں ہوسکتے۔ ایک سوال پر صدر مملکت نے کہا کہ انتخابات مسائل کا حل ہوتے ہیں اورانتخابات سیاسی تقسیم اور کشیدگی کو کم کرسکتے ہیں۔ تحریک انصاف سے متعلق صدرمملکت کا کہنا تھا کہ میری سابقہ پارٹی آزادانہ حیثیت اور سوچ رکھتی ہے،سابقہ تعلق کی بنیاد پر اس پر اثرانداز نہیں ہوسکتا تاہم کرپشن کے خلاف آوازبلند ہوتی رہنا چاہیے۔ڈاکٹر عارف علوی نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت اس ہی سوچ کے تحت تھی تاہم ملک میں سیاسی کشیدگی کا ذمہ دارکون ہے،اس پرکچھ نہیں کہہ سکتا۔
Load/Hide Comments



