کے فور پراجیکٹ کی شیڈول کے مطابق تکمیل کیلئے واپڈا کو بھر پور معاونت فراہم کی جائے گی، خورشید شاہ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے گزشتہ روز گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (کے فور) پراجیکٹ آفس کا دورہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی اْن کے ہمراہ تھے۔ اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا کہ کراچی شہر میں پانی کی کمی دور کرنے کے لئے کے فور ایک اہم منصوبہ ہے اور وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ اِس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اْنہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل کے لئے وزارت آبی وسائل واپڈا کوبھر پور معاونت فراہم کرے گی۔ قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کو کے فور منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ آٹھ مختلف کنٹریکٹ کے ذریعے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے۔ کے فور منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل مارچ 2024 ء میں شیڈول ہے، اْنہیں بتایا گیا کہ منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل کے لئے درکار فنڈز کی بروقت فراہمی نہایت اہم ہے۔ کے فور منصوبہ کراچی کو کینجھرجھیل سے یومیہ 650 ملین گیلن پانی کی فراہمی کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔اِس منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے واپڈا کے سپرد کی ہے۔ کے فور منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے کراچی کو 260 ملین گیلن یومیہ پانی مہیا کیا جاسکے گا۔