افغانستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے سے نتائج خطرناک ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری

واشنگٹن(آن لائن)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے طالبان کے ساتھ دنیا کے مضبوط تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کے حکمرانوں کو دوبارہ عالمی تنہائی کا شکار کرنے کی صورت میں خطرناک نتائج سے خبردار کیا ہے۔واشنگٹن کے دورے پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے امریکا کی جانب سے افغانستان کے منجمد اثاثے سوئٹزرلینڈ کے پروفیشنل فنڈ میں منتقلی کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماضی سے سیکھا ہے کہ جب ہم اپنے ہاتھ جھاڑ دیتے ہیں اور پیٹ پھیر لیتے ہیں تو ہم اپنے لیے غیر ارادی منفی نتائج اور مزید مسائل پیدا کرتے ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ معاشی تباہی، پناہ گزین کی بڑی تعداد اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کے لیے نئی بھرتیوں کے خطرے کے بارے میں ہمارے خدشات، ان خدشات و تحفظات سے کہیں زیادہ ہیں جو ان کے مالیاتی اداروں سے متعلق ہو سکتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ طالبان کو خواتین کے حقوق جیسے امور پر سیاسی گنجائش کی ضرورت ہے۔ پوری تاریخ میں، مذہب کے نام پر قائم حکومتوں اور مطلق العنان حکومتوں میں معاشی بحران کے دوران حقوق دینے کا قطعی رجحان نظر نہیں آتا بلکہ وہ اپنی آبادی کو راغب رکھنے کے لیے ثقافتی مسائل اور دیگر مسائل کو تھامے رہتے ہیں۔