آڈیو لیکس معاملے پر تحقیقات کیلئے اعلی اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری، رانا ثناء اللہ کمیٹی کے سربراہ ہونگے

آڈیو لیکس معاملے پر تحقیقات کیلئے اعلی اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری، رانا ثناء اللہ کمیٹی کے سربراہ ہونگے
اسلام آباد (آن لائن)قومی سلامی کمیٹی نے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کیلئے اعلی اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی ہے جبکہ سائیبرسکیورٹی سے متعلق وزارت قانون وانصاف کو’لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بد ھ کو نیشنل سیکیورٹی کمیٹی(این ایس سی) کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سروسز چیفس، حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلی فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔ اجلاس نے ملک میں تاریخی تباہ کن سیلاب، متاثرین کے لئے ریسکیو، ریلیف کے اقدامات اور سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے 14 جون 2022 سے ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہارکیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اجلاس نے 3 کروڑ30 لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین کی فوری امداد، محفوظ مقامات پر منتقلی، خوراک، علاج معالجے اورضروری اشیاء کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس نے سیلاب متاثرین کی زندگیاں بچانے، متاثرین کی محفوظ علاقوں میں منتقلی اور سیلاب میں گھرے افراد تک خوراک اور دیگر اشیاء کی فراہمی بشمول ایڈمنسٹریشن اور اداروں کے ساتھ خاص طورپر آرمی، نیوی اور فضائیہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کیااور مشکل ترین حالات میں خدمت کے جذبے کو سراہا۔ اجلاس نے سول سوسائیٹی، میڈیا اور مخیر حضرات کے جذبے اور ایثار کی بھی بھرپور تحسین کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کارخیر میں وہ اسی جذبے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اجلاس نے سیلاب متاثرین کی مدد کے دوران بلوچستان، لسبیلہ میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیااور کہا کہ قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ اجلاس نے عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی ایک قومی ایجنڈے کے طورپر اولین ترجیح رہے گی اوراہل وطن کی دوبارہ آبادکاری تک اِسی جذبے، توجہ اور اشتراک عمل کوبرقرار رکھتے ہوئے خدمات اور اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔وزارت خارجہ کے سیکریٹری سہیل محمود نے وزیراعظم کے ازبکستان میں حالیہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس۔سی۔او) کی سربراہان مملکت کی کونسل اور نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے مختلف ممالک کے سربراہان سے وزیراعظم کی ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اجلاس نے آڈیو لیکس کے معاملے پر غور کیا۔ حساس اداروں کے سربراہان نے اجلاس کو وزیراعظم ہاؤس سمیت دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی، سائیبرسپیس اور اس سے متعلقہ دیگر پہلوؤ ں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش آڈیو ز کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم ہاؤ س کی سکیورٹی سے متعلق بعض پہلووں کی نشاندہی کی گئی اور ان کے تدارک کے لئے فول پروف انتظامات کے بارے میں بتایاگیا۔ اجلاس کو آگاہ کیاگیا کہ وزیراعظم ہاؤ س سمیت دیگر اہم مقامات، عمارات اور وزارتوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی کسی صورتحال سے بچا جاسکے۔ اجلاس نے مشاورت کے بعد سائیبرسکیورٹی سے متعلق’لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں وزارت قانون وانصاف کو’لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کی ہدایت کی۔ اجلاس نے آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کے لئے اعلی اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی۔ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ اجلاس نے اتفاق کیا کہ جدیدٹیکنالوجی اور سائیبرسپیس کے موجودہ تبدیل شدہ ماحول کے تناظر اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی، سیفٹی اور سرکاری کمیونیکیشنز کے محفوظ ہونے کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا جائے تاکہ سکیورٹی نظام میں کوئی رخنہ اندازی نہ ڈال سکے۔