نیو یارک (آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ آر مالپاس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے بنیادی ڈھانچے، زراعت، دیہی اور شہری ترقی، سماجی خدمت کے ساتھ ساتھ اقتصادی ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے عالمی بینک کی پاکستان کے ساتھ جاری امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ عالمی بینک کی شراکت داری کو سراہا اور معیشت کی مضبوطی، قیمتوں میں استحکام اور بیرونی اور مالیاتی شعبوں کی پائیداری کو برقرار رکھنے پر مرکوز اقتصادی پالیسیاں متعارف کرانے کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام اور معیشت پر موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری سے اضافی سرمایہ کاری اور مالی وسائل کے لیے حکومت کی ضروریات کو بھی واضح کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سیلاب کے حوالے سے 372 ملین امریکی ڈالر فراہم کرنے پر ورلڈ بینک گروپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کا کردار بہت کم ہے اس کے باوجود میں پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا سامنا ہے۔ صدر ورلڈ بینک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو عالمی برادری کی اجتماعی حمایت کے ذریعے تعمیر نو کے لیے ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور تباہی پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ورلڈ بینک گروپ کی پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں میں مدد کے لیے آمادگی کا بھی اظہار کیا۔
Load/Hide Comments



