انتونیو گوتریس سیلاب متاثرین کی آواز بن کر ابھرے ہیں،انکی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں، انتونیو گوتریس کا دورہ سیلاب سے جنم لینے والے انسانی المیے سے متعلق آگاہی کے لیے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ہمدردانہ اور قائدانہ کردار نے بے حد متاثر کیا جبکہ پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ انتونیو گوتریس سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی سے دلی طور پر رنجیدہ ہوئے وہ سیلاب متاثرین کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے جو کہا اس پر دنیا کو توجہ دینی چاہیے۔