پی ٹی آئی کو فوج، عدلیہ سے لڑانے کیلئے پروپیگنڈا ہو رہا ہے، عمران خان

پشاور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مخالفین کی کوشش ہے سب سے بڑی جماعت کو فوج، عدلیہ کے ساتھ لڑایا جائے، ان کا پروپیگنڈا سیل پروپیگنڈا کر رہا ہے،نوازشریف، زرداری دو ڈاکوہے ان کو پاکستان کا آرمی چیف سلیکٹ نہیں کرنا چاہیے،ہم اس ملک کے اداروں کو مضبوط کریں گے۔پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب بیرونی سازش کے تحت حکومت کوگرایا تو پہلا جلسہ پشاورمیں کیا، پشاور والوں نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، سندھ،بلوچستان، ڈی جی خان، راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان سیلاب سے متاثر ہوئے، اللہ نے ہمیں بہت بڑے امتحان میں ڈالا ہے، سندھ کے لوگ بڑی مشکلوں میں ہیں، میرے خلاف ایک بڑا منظم پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ نوجوانوں کو حقیقی آزادی اور کلمے کا مطلب سمجھانا چاہتا ہوں،ہم زنجیروں کی وجہ سے اوپر پرواز نہیں کر پا رہے، نبیﷺ کی سنت پر چلتے ہوئے قوم کو جگانا چاہتا ہوں تاکہ یہ زنجیریں ٹوٹ جائیں،چوروں کا ٹولہ پروپیگنڈہ کر رہا ہے،امریکی سازش کے تحت چوروں کے ٹولے کومسلط کیا گیا، چوروں کے ٹولے کو پاکستان کو نیچے لیجانے کے لیے مسلط کیا گیا، ہم پاکستان کوعلامہ اقبال ؒ کے خواب جیسا عظیم ملک بنانا چاہتے ہیں، ہم دنیا بھرمیں سبز پاسپورٹ کی عزت کرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوروں کے ہوتے ہوئے سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں ہو سکتی، آج کے جلسے میں آپ کی تربیت بھی ہو گی، جلسے میں بہت ساری ویڈیو بھی دکھانی ہیں، ہم پاکستان کی عزت کرانا چاہتے ہیں، امپورٹڈ کرائم منسٹر کو کیا اپنا وزیراعظم مانتے ہو؟ اگر شہباز شریف غیرت مند وزیراعظم ہوتا تو چوری کیا ہوا اپنا پیسہ ملک لاتے۔ چوروں کے ٹولے کو پتا چل گیا مجھے شکست نہیں دے سکتے، تھری اسٹوجزکوپتا ہے جب بھی الیکشن ہوا شکست ہوگی، اب یہ مجھے کسی طرح ڈس کوالیفائی کرنے کے لیے سازشیں کر رہے ہیں۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ مجھے دہشت گرد بنا دیا گیا ہے، ان کا حال ایسا ہے جب کوئی ٹیم ہارنے لگے تو وکٹیں ہی اٹھا لیتے ہیں، پہلے کوشش ہے عمران خان کو نا اہل کروایا جائے، دوسری ان کی کوشش سب سے بڑی جماعت کو فوج، عدلیہ کے ساتھ لڑایا جائے، ان کا پروپیگنڈا سیل پروپیگنڈا کر رہا ہے.