اسلام آباد (آن لائن) وفاقی کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ اب تک 20 ارب روپے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں جبکہ بقیہ 8 ارب روپے اگلے تین دنوں میں تقسیم کر دئے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر افواج ِ پاکستان کے شہدا اور سیلابی ریلوں کی نذر ہوجانے والے افراد کی مغفرتاور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وفاقی کابینہ کو ملک بھر میں سیلاب اور اْس سے ہونے والی تباہی کی موجودہ صورتحال اور وفاقی اور صوبائی محکموں کی طرف سے جاری ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں پر مفصل بریفنگ دی۔ جی20 کے تین مملک سے قرضے ریشیڈول کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیاکہ حالیہ سیلاب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے جس میں سندھ اور بلوچستان بْری طرح متاثر ہوئے ہیں۔جن میں 81 اضلاع کی 6615 یونین کونسلیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ان میں بلوچستان کے 32 سندھ کے 23 خیبر پختونخواہ کے 17، گلگت بلتستان کے 6 اور پنجاب کے 3 اضلاع شامل ہیں۔ 14 جون سے اب تک پورے پاکستان میں پچھلے تیس سال کی نسبت 190 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، جبکہ سندھ میں اس کی شرح 465 فیصد اور بلوچستان میں 437 فیصد رہی ہے۔ ملک بھر میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت 1325 لوگ لقمہ اجل بنے۔ جن میں سندھ کے 522، خیبرپختونخواہ کے 289، بلوچستان کے 260، پنجاب کے 189، آزاد جموّں کشمیر کے 42 گلگت بلتستان کے 22 افرادشامل ہیں۔ مجموعی طور پر پورے ملک میں اب تک 12 ہزار 703 لوگ زخمی ہوئے جن میں سندھ کے 8321، پنجاب کے 3844، خیبرپختونخواہ کے 348، بلوچستان کے 164، آزاد جموں و کشمیر کے 21 اور گلگت بلتستان کے 5 افراد شامل ہیں۔ حالیہ تاریخی مون سون بارش کی وجہ سے ملک بھر میں 16 لاکھ 88 ہزار گھر، 246 رابطہ پْل، 5 ہزار 735 کلومیٹر پر محیط سڑکیں اور 7 لاکھ 50 ہزار مویشی سیلابی ریلوں کی نذ رہوئے۔ وزیراعظم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض علاقوں جیسے سوات میں انسانی غفلت کے باعث تباہی آئی جہاں غیر قانونی طور پر ہوٹل تعمیر کیے گئے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی وہ کنارے میں زمین کے استعمال سے متعلق زوننگ قوانین و ضوابط پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی تباہی سے بچا جاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایسے معاملات پر سیاست بازی سے گریز کرنا چاہیے۔ چند روز پہلے سیلاب زدگان کے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے وزیراعظم نے نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوارڈینیشن سینٹر قائم کیا.
Load/Hide Comments



