الیکشن دیکھ رہا ہوں، سیلابی پانی ایک ماہ میں نیچے آ جائے گا، عمران خان

اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں الیکشن دیکھ رہا ہوں کیونکہ سیلابی پانی تو ایک ماہ میں نیچے آجائے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی بات چیت کے دور ان سخت سیکورٹی انتظامات پر تعجب کا اظہار کیا اور کہا ہم تو کیس میں پیشی پر آئے ہیں اتنی سخت سیکیورٹی کی سمجھ نہیں آئی۔ راستے بند کرانے کی سمجھ نہیں آئی کہ اتنا خوف کیوں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کارکنان کو بھی کہا ہے کہ کسی نے بھی نہیں آنا۔ یہ جملہ میں نے صحافی کے تنگ کرنے پر کہا تھا کہ“میں بڑا خوفناک ہوں ”۔ ایک سوال کے جواب میں کہ کیا آپ معافی مانگیں گے؟ عمران خان نے جواب دیا کہ میں نے بڑا واضح جواب دیا ہے میں نے ان سب کے خلاف قانونی کارروائی کا کہا تھا ، میں نے قانونی کارروائی کا کہا تھا وہ ایکشن لیا بھی گیا جبکہ میں الیکشن دیکھ رہا ہوں کیونکہ سیلابی پانی تو ایک ماہ میں نیچے آ جائے گا۔