وزیر اعظم کی جانب سے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم شہبازشریف نے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی صارفین کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کے بجلی صارفین کے لیے اعلان کردہ ریلیف پیکج پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔بریفنگ میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ایک کروڑ 66 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دیئے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح جاری ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 200 یونٹ تک کے بجلی صارفین کے بلز میں اعلان کردہ ریلیف کو 24 گھنٹے میں شامل کیا جائے اور ریلیف کے تحت 24 گھنٹے میں صارفین کے بلز کو کم کیا جائے۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بجلی بلز کی تصحیح کے لیے ڈسکوز کا اسٹاف 24 گھنٹے کام کرے اور بلز کی تصحیح کے لیے تمام اسٹاف کی چھٹیاں ختم کرکے کام کو نمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بجلی بلز جمع کروانے کے لیے بینکوں کو آئندہ دنوں میں کھلا رہنے کی ہدایت کی جائے۔