امریکی ڈرونزکی افغانستان میں موجودگی جارحیت ہے، طالبان حکومت

کابل (آن لائن) طالبان حکومت نے کہا ہے کہ امریکی ڈرونز کی افغانستان میں موجودگی جارحیت ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے
مطابق طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی فضائی حدود میں امریکا کے ڈرونز موجود ہیں۔ ڈرونز کے معاملے پر امریکی حکومت کے ساتھ بات ہوئی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ہم ملک میں امریکی ڈرونز کی موجودگی جارحیت تصور کرتے ہیں۔امریکی حکومت کو اگر کوئی تحفظات ہیں تو وہ طالبان حکومت سے شئیر کرے۔ انہوں نے کہا القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری کی کابل میں ہلاکت ایک الزام ہے جس کی تحقیقات ابھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔