ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی، شہباز شریف اور آصف زرداری میں اتفاق

اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف تنقید قطعی برداشت نہیں۔پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم اور سابق صدر آصف علی زرداری میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال خاص طور پرشہباز گل کی گرفتاری کے بعد پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریاستی قومی اداروں کی مضبوطی ناگزیر ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نظریہ اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کرنا ہے۔ اصف زرداری نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔۔قومی دفاعی اداروں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا قابل مذمت ہے۔۔دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔