اسلام آباد (آن لائن)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات ہونے پر قوم کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ مثالی تعاون کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں،اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ طے پاگیا ہے،عوام کے لئے ریلیف کا وقت آگیا ہے،عالمی منڈی میں قیمتیں تیزی سے کم ہورہی ہے جس کا پورا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے،پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانا پہلی بڑی کامیابی ہے۔جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کرکے آئی ایم ایف سے ایک اچھا معاہدہ طے کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ گزشتہ سال کے تاخیری اقدامات کی وجہ سے وجہ سے بہت زیادہ بجٹ خسارے ہوئے،آئی ایم ایف نے مانا ہے کہ گزشتہ سال بجلی کے شعبے میں بدانتظامی اور تاخیری اقدامات کی وجہ سے گردشی قرض میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا،ثابت ہوا کہ ٹیم اہل ہو، اس کی نیت صاف اور ارادے پختہ ہوں تو کارکردگی اور عوام کی خدمت میں بہتری آ سکتی ہے،مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم زیادہ ٹیکس جمع کریں زیادہ محنت کریں گے اور عوام کو مزید آسانیاں دینے کے لئے کوشاں ہوں گے،شدید معاشی مشکلات کے باوجود ہم نے عوام دوست بجٹ دیا، عوام کو ریلیف دیا،ہم نے امیر طبقات پر بوجھ ڈالا ہے،ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے ہماری ‘سستا پٹرول سستا ڈیزل’ اسکیم کو اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اتحادی حکومت کی غریب دوست پالیسیوں کو سراہا ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے ملک وقوم کے مفاد میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے مشکل فیصلے کئے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین اور راہنماؤں کو بھی مبارک دیتا ہوں اور ان کے جذبے اور خلوص کو سراہتا ہوں،مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں،مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑے، آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پانے کے بعد اتحادی حکومت کا ہر فیصلہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کی راہ ہموار کرے گا،عوام کے لئے ریلیف کا وقت آگیا ہے، پٹرول، ڈیزل سمیت دیگر چیزوں میں ریلیف کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے-
Load/Hide Comments



