پشاور(آن لائن)ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں ایک سادہ مگر پْر وقار تقریب منعقد ہوئی جسمیں مایہ ناز فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی کو خیبر پختونخوا پولیس کا خیرسگالی سفیر بننے کے موقع پر اعزازی ڈی ایس پی رینک کے بیجز سجائے گئے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد احمد بنگش اور آئی جی پی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے اْن کو اعزازی بیجز لگائے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سْپر اسٹار بیٹسمین فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی کے والد اور بھائی، پشتو کے شاعرو ادیب اور دانشور پروفیسرآباسین یوسفزئی، ایڈیشنل آئی جی پیز، ڈی آئی جیز، کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ قومی ترانے کے احترام میں ہال میں موجود ہر شخص نے کھڑے ہو کر اور باوردی افسران نے باقاعدہ سلوٹ پیش کیا۔ جونہی چیف سیکرٹری اور آئی جی پی نے قومی ہیرو شاہین شاہ آفریدی کو اعزا ز بیجز سجائے تو انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کا خیر سگالی سفیرکا اعزاز پانے کے فوراً بعد اپنے والد اور پھر آئی جی پی کو سلوٹ پیش کیا اور ان سے شاباش حاصل کی۔ اس موقع پر تمام حاضرین بشمول میڈیا کے نمائندوں نے زبردست تالیوں کی گونج میں کھڑے ہو کر شاہین شاہ آفریدی کو داد تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد احمد بنگش نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ہمارے ملک کا چمکتا دھمکتا ستارہ ہے اور انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارا سر فخر سے بلند اور نام روشن کیا ہوا ہے۔
Load/Hide Comments



