وزیر اعظم کا بند پاور پلانٹس فوری بحال کرنے کا حکم، لوڈ شیڈنگ پر رپورٹ مانگ لی

لاہور (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملک بھر میں جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر برائے توانائی انجنئیر خرّم دستگیر، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک کمیونی کیشنز فہد حسین نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی سے متعلق اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ انھیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے جس میں لوڈشیڈنگ کو وجوہات واضح کی جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ صوبوں کو پینے کے پانی اور زرعی سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس سلسلے میں ارسا صوبوں کے ساتھ باہمی مشاورت اور آزادی کے ساتھ فیصلہ کرے۔