اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے عوام کو عید الاضحی کے موقع پر گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے روک دیا۔ وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورت حال کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے، افراد کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کورونا سے پچاؤ کے لئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، عوام کرونا سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عمل کریں، سماجی فاصلہ یقینی بنائیں اورعیدالاضحیٰ پر ماسک کا ضرور استعمال کریں۔ انہوں نے کہا عوام عید کے دوران گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں اور کورونا سے بچاؤ کے لئے ایس پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ عوام زیادہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں اور علمائے کرام سے اپیل ہے مساجد میں سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنائیں، جب کہ عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن اور بوسٹر ڈوز لگوائیں۔ دریں اثناء پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ایک سے دو ماہ میں 5 سے 11 سال کے بچوں کی بھی ویکسی نیشن بھی شروع کردی جائے گی کیوں کہ جن بچوں کی عمر 12 سال سے کم ہے وہ ویکسین سے رہ جاتے ہیں لیکن ہم نے اس کے بھی اب انتظامات کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں تھوڑا سا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، این سی او سی روزانہ کی بنیاد پر کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، اس حوالے سے ہفتہ پندرہ دن میں صورتحال میں تبدیلیاں بھی آئی ہیں اور کورونا کے ویرینٹ اومیکرون کا بڑے شہروں میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ہمیں خوفزدہ ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں لیکن احتیاط لازمی کی جانی چاہیے تاکہ معمولی اضافہ بڑے سانحے میں تبدیل نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورت حال کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے۔ افراد کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Load/Hide Comments



