منصوبہ تقریباً مکمل ہے،رجیم تبدیل ہونے کی وجہ سے اس پراجیکٹ کا تمام کام روک دیا گیا تھا،احسن اقبال
سلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس میں بریت کی درخواست پر سماعت کی۔ احسن اقبال نے عدالت کو بتایا کہ ہر ہفتے عدالت میں سرکار بنام احسن اقبال کی آواز لگتی ہے کیا میں نے کوئی قتل کیا ہے میں نیب کے نئے قانون سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتامیری دو سال کردار کشی کی گئی جب مجھے گرفتار کیا گیا تو نیب سے پوچھا کہ کیا میں نے کوئی کرپشن کی ہے کیا ایک کھیلوں کا منصوبہ بنانا میرا قصور ہے؟میری غلطی تھی کہ ایک پراجیکٹ کی تمام فورمز سے منظوری کروائی۔ نیب نے مجھ پر 2.2 ارب روپے کے قومی خزانے کے نقصان کا الزام لگایا اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ نیب قوانین میں ترمیم ہو گئی ہے اس سے کیس پر کیا اثر پڑیگا جس پر احسن اقبال نے عدالت کو بتایا کہ میں نئے قوانین سے فاہدہ نہیں لینا چاہتا میرے کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے۔ جس رقم کے نقصان کا الزام لگایا گیا اس میں سے بھی جاری ہی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ میں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر اپنا کیا بنایا نیب بتائے میں نے کونسی جائیدادیں بنائیں کونسے اثاثے بنائے پہلے بھی کہہ چکا ہوں میرے اثاثے آج تب سے کم ہونگے جب سیاست میں آیا تھامیں نے اپنی جائیدادیں بیچ کر سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا ہر ہفتے عدالت میں سرکار بنام احسن اقبال کی آواز لگتی ہے کیا میں نے کوئی قتل کیا ہے کوئی جوا خانہ بنایا ہے؟ کھیلوں کا منصوبہ بنایا ہے نیب کی پریس ریلیز دیکھیں اس میں کہا گیا کہ بارڈر سے آٹھ سو میٹر کے فاصلے پر منصوبہ بنا دیا گیا۔ منصوبہ کم از کم بھی بارڈر سے تیرہ کلو میٹر دور ہے۔ نیب انکوائری کے بعد کام رک گیا۔ منصوبہ کھنڈر بن چکا ہے کروڑوں روپے کا سامان لگایا نہیں گیا وہ تباہ ہو گیا۔ اس سٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹ ٹیم میچ کھیل کر آئی ہے نیب نے اتنی تفتیش کی ہے یہ بتا دیں کہ میں نے کوئی کرپشن کی ہے۔ اس موقع پر احسن اقبال کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پراجیکٹ کی تمام متعلقہ فورمز سے منظوری لی گئی تھی۔ اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ اب اس منصوبے پر کتنا کام ہو چکا ہے؟جس پر احسن اقبال نے عدالت کو بتایا کہ منصوبہ تقریباً مکمل ہے۔ رجیم تبدیل ہونے کی وجہ سے اس پراجیکٹ کا تمام کام روک دیا گیا تھا اس موقع پر احسن اقبال کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ احسن اقبال پر اس کیس میں کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا مسعود چشتی کیس کا فیصلہ پڑھ کر سنانا چاہتا ہوں نیب قوانین میں جو ترامیم ہوئیں وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی آبزرویشنز کی روشنی میں ہوئیں۔ کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
Load/Hide Comments



