ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر وزیراعظم کا اظہار تشویش، این سی او سی کی مکمل بحالی کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن) حکومت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی مکمل بحالی کا فیصلہ کرلیا ہے۔بدھ کے روز وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیاہے۔اجلاس ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے این سی او سی کی مکمل بحالی کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے،وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایات جاری کیں جس کے تحت تمام صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 3.50 فیصد رہی جب کہ ملک بھر میں کراچی سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہے۔