لاہور (آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی نے مسلمانوں کے خلاف بھارتی مظالم کی شدید مذمت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی مظالم بدامنی کو فروغ دے رہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے زیر صدارت ایگزیکٹو کمیٹی نے ایک اجلاس میں قرارداد بھی منظور کی جس میں کہا گیا کہ دنیا بھر کے مسلمان توہین آمیز بیانات ہرگز برداشت نہیں کرسکتے، اگرچہ او آئی سی نے قابل تعریف موقف اپنایا ہے لیکن ساری دنیا کو مسلمانوں کے خلاف بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے جو جلتی پر ایندھن کا کام کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ توہین آمیز بیانات کے ذریعے بھارت نے سرخ لکیر عبور کرلی ہے اور اس جسارت پر معافی مانگنے کے بجائے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر توہین آمیز بیانات دینے والوں کو سزا نہ دی گئی اور بھارتی مسلمانوں کے خلاف جارحیت بند نہ کی گئی تو ہندوستان میں انتہا پسندی اور نفرت میں اضافہ ہوگا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی نے پرزور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والی پرتشدد کارروائیوں کا نوٹس لے اور انہیں روکنے کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی مشینری کی بے حسی تشویشناک ہے جو اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔
Load/Hide Comments



