ہماری زبان ہی ہماری شناخت ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری زبان ہی ہماری شناخت ہے، جدید دنیا میں زبانیں معدومیت کی جانب بڑھ رہی ہیں،زبانوں کے تحفظ کے لئے عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، یہ بات انہوں نے پیر کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام ”لینگوئج ڈاکومنٹیشن” کے موضوع پر چار روزہ انٹرنیشنل ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زبان مختلف ثقافتوں اور معاشروں کو اکٹھا کرتی ہے، زبان کی ڈاکومنٹیشن جیسے اہم موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند امر ہے، یہ وہ موضوع ہے جو ہماری ثقافت اور عام روزمرہ زندگی میں بالکل گم ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 80 زبانیں بولی جاتی ہیں جن میں سے 26 زبانیں معدومیت کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد زبانوں کی اہمیت سے بخوبی واقف تھے لیکن موجودہ دور میں ہمارے بچے ان زبانوں اور کلچر سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر زبان ہماری ثقافت اور شناخت کی ڈاکومنٹیشن کرتی ہے، زبان کی ڈاکومنٹیشن کو پاکستان میں فروغ ملنا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی یہ ورکشاپ ایک ایسے باب کا آغاز ہے جو زبان، کلچر، تاریخ اور معاشرے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبان نہ صرف معاشرے، ثقافت، تاریخ کو ا پنے اندر سمو لیتی ہے بلکہ اس سے ایک ایسا سماجی تعلق جنم لیتا ہے جو قوموں کی شناخت کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو لنگوئسٹک مینجمنٹ سسٹم کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف خود بھی چھ عالمی زبانیں بولتے ہیں، انہیں زبان کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبان سماجی تعلق اور رابطے کو موثر بناتی ہے، یہ ایک ایسی طاقت ہے جو مختلف ثقافتوں کو تقویت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبانوں کو محفوظ کرنے میں ہی اقوام کی بقاء ہے، اسی میں ہماری قومی شناخت ہے۔