پنجاب میں ملاوٹ شدہ غذا اور ناقص دواؤں کی روک تھام کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بڑا فیصلہ لے لیا

لاہور (آن لائن)ناقص و ملاوٹ شدہ خوراک،غیر معیاری دوائیں پنجاب کے عوام کا مقدر نہیں رہیں گی،وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ساڑھے تین برس التوا میں رکھے گئے منصوبے ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو اکتوبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دے دی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مشینری اور آلات کی خریداری میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی۔بھرتیوں کے عمل کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی بھی بنادی گئی ہے۔پنجاب میں ملاوٹ شدہ غذا اور ناقص دواؤں کی روک تھام کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بڑا فیصلہ لے لیا۔ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو اکتوبر تک ہر صورت فعال کرنے کا حکم جاری کردیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ منصوبے کے لیے مشینری اور آلات کی خریداری میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔اتھارٹی میں بھرتیوں کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی بھی بنادی گئی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ ناقص خوراک اور دواؤں سے سسکتی زندگیوں پر بھی پچھلی حکومت نے سیاست کی۔قومی اہمیت کے منصوبے کو بلاجواز التوا میں رکھا گیا۔ ساڑھے تین سال تک منصوبے کو روک کر رکھنے والے قوم کے مجرم ہیں۔وزیراعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ التوا میں رکھنے سے اس کی لاگت میں تین ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ سابق حکمرانوں کے نااہل ٹولے نے قومی وسائل کا ضیاع کیا۔ اب غفلت برداشت نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی انہیں ہر پندرہ دن بعد منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے اور وہ خود بھی موقع پر جا کر کام کی رفتار کا جائزہ لیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-