عمران خان ٌلاہور کے3 روزہ دور ے کے دوران چار مختلف حلقوں میں کنونشن اور جلسہ سے خطاب کریں گے

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور کے ضمنی الیکشن والے چاروں حلقوں میں کنونشنوں اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ تفصیل کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان آج اتوار 3 بجے سہ پہر لاہور پہنچیں گے، بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے دورہ لاہور میں ضمنی انتخاب کے لیے 4 حلقوں میں جلسوں کا شیڈول فائنل ہوگیا ہے، جس کے تحت وہ پی پی 168 میں سہ پہر 4بجے ورکر کنونشن سے خطاب کریں گے، پی پی 168 کا ورکرز کنونشن آشیانہ روڈ پر طاہر مارکی میں ہو گا، اس حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار ملک نواز اعوان ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان پی پی 158 کے ضمنی انتخاب میں ورکر کنونشن سے خطاب کریں گے، پی پی 158 کا ورکر کنونشن حالی روڈپرڈینسٹی مارکی میں منعقد ہوگا، میاں اکرم عثمان اس حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار ہیں، اس کے بعد عمران خان بلاک واپڈا ٹاؤن میں پی پی 170 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے، پی پی 170 سے تحریک انصاف کے امیدوار ملک ظہیر عباس کھوکھر ہیں جبکہ آخر میں عمران خان پی پی 169 میں عمر چوک کے قریب جلسے سے خطاب کریں گے، پی پی میں تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری شبیر گجر ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب والے پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔