آئین و قانون کا کھلواڑ کرنے والے صدر مملکت کے آئینی منصب کی توہین کر رہے ہیں، فرخ حبیب

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مذاق بنانے اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے صدر مملکت کے آئینی منصب کی توہین کر رہے ہیں، عارف علوی نے قانون شکنی پر مبنی نیب ترامیم پر اعتراضات لگا کر محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا۔ ہفتہ کے روزپی پی کی نائب صدر شیری رحمان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے فرخ حبیب نے کہاملک کے سب سے بڑے ڈاکوؤں کو دھونس اور بیرونی سازش کے ذریعے پاکستان پر مسلط کردیا گیا ہے، ایوان بالا اور ایوان زیریں کی عزت کھلے عام پامال کی گئی،منتخب عوامی وزیراعظم کو منصب سے ہٹا کر ضمانت پر رہا افراد کو مسلط کر دیا گیا، انہوں نے کہا صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی تمام تر آئینی اور قانونی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ملک کے مفاد میں بہتر فیصلہ کیا، نیب ترمیمی بل سے پاکستان میں احتساب کے عمل پر کاری ضرب لگائی گئی اور چوروں کو این آر او دے دیا گیا، انہوں نے کہا نیب میں ترامیم کرکے پاکستان پر خودکش حملہ کرنے سے بڑا جرم کیا گیا ہے،آئین و قانون کی دھجیاں بکھیرنے والوں سے اخلاقیات کی توقع نہیں کی جاسکتی، یہ چور پاکستان پر قابض ہو کر دشمن سے برا سلوک کر رہے ہیں،انہوں نے کہا عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور دوسری طرف چوروں کی چوری بچانےلیے راستہ صاف کیا جا رہا ہے،قومی اسمبلی کی کوئی حیثیت نہیں انھوں نے خود قانون پاس کروا کر اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دیا یہ پاکستان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔