خیبر پختونخوا اسمبلی کے معاملات بہتر انداز اور اتفاق رائے سے چلانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی خوشگوار ملاقات

پشاور(آن لائن)خیبر پختونخوا اسمبلی کے معاملات بہتر انداز اور اتفاق رائے سے چلانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کے درمیان ملاقات ہوئی جو کہ انتہائی خوشگوار رہی۔صوبائی وزراء عاطف خان،شوکت یوسفزئی،تیمور جھگڑا،اور رکن اسمبلی اکبر ایوب پر مشتمل حکومتی وفد وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت پر اپوزیشن چیمبر گئے اوراپوزیشن لیڈر صوبائی اسمبلی اکرم خان درانی سمیت مختلف پارٹیوں کے پارلیمانی لیڈرز سے ملاقات کی۔اس موقع پر اپوزیشن نے اپنے مسائل وتحفظات سے آگاہ کیا اور اتفاق رائے سے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی،جو مل بیٹھ کر اپوزیشن کے تحفظات کو دور کرے گی۔حکومت کی طرف سے کمیٹی میں صوبائی وزراء عاطف خان،شوکت یوسفزئی،تیمور سلیم جھگڑا اور ایم پی اے اکبر ایوب خان جبکہ اپوزیشن کی طرف سے خوشدل خان،محمود بٹینی،میاں نثار گل،شفیق شیر،اورنگزیب نلوٹھ،نگہت اورکزئی اور میر کلام شامل ہیں۔مجوزہ کمیٹی کے ارکان پیر کے دن وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات کریں گے اوراپوزیشن کے تحفظات پر بات ہوگی۔اس موقع پر حکومت اور اپوزیشن نے اس بات کا عزم کیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی اپنی روایات ہیں اور ان روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسمبلی کی کاروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کی کوشش کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کا احترام کیا جائے گا۔قبل ازیں حکومتی وفد کی درخواست پر اپوزیشن نے بجٹ میں تمام مطالبات زر واپس لینے کا فیصلہ کیا۔دریں اثناء صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے اسمبلی فلور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولیس کو مالیاتی اختیارات دیکر انکو مظبوط بنارہے ہیں۔موثر انٹیلجنس کے ذریعے صوبے کے معاملات کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پولیس کی قربانیوں سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور حالات کافی بہتر ہوگئے ہیں۔