تحریک انصاف کے امیدوارکی عدم موجودگی پر چیف الیکشن کمشنر برہم،پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد(آن لائن) چیف الیکشن کمشنر نے لاہور کے ضمنی انتخابات میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ اگر کسی بھی امیدوار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہوجائے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی،شفاف انتخابات کا انعقاد کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائیگا،جمعرات کے روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے لاہور کے حلقے پی پی 167میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے معاملے پر کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد کی جانب سے ان کے وکیل پیش ہوئے اس موقع پر کمیشن کو سپیشل سیکرٹری ظفر اقبال نے بتایاکہ لاہور کے حلقے میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے حوالے سے تھانہ جوہر ٹاؤن پولیس نے ایف آئی آر رجسٹرڈ کی ہے انہوں نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کمیشن توہین کے تحت کار وائی کرسکتی ہے جس میں امیدوار کی نااہلی بھی شامل ہے اسی طرح کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2سال قید کی سزا بھی دے سکتی ہے اس موقع پر سی سی پی او نے کمیشن کو بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے اور واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں پولیس کو وقوعہ سے کافی مقدار میں خول بھی ملے ہیں اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اس واقعے میں کسی کے ساتھ بھی نرمی نہیں برتی جائے گی اور مثال بنائیں گے، انہوں نے کہاکہ اگر پولیس کے ساتھ کوئی بھی تعاون نہیں کرتا ہے تو اس حوالے سے کمیشن کو اگاہ کیا جائے، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے امیددار نے کمیشن کو بتایا کہ میرا موکل نذیر چوہان کمیشن کے سامنے پیش ہوا ہے وقوعہ کے روز تحریک انصاف کے امیددار کے حامیوں نے ہم پر حملہ کیا ہے اور ہم نے تمام عوامل کمیشن کے سامنے رکھ دئیے ہیں اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے امیدوار کی عدم موجودگی پربرہمی کا اظہار کیا اور ان کے وکیل کو اگاہ کیا کہ اس کیس کے حوالے سے امیدوار کمیشن کے سامنے خود پیش ہوں جس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے انہوں نے پولیس کو معاملے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ایسے واقعات کمیشن کیلئے ناقابل قبول ہیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری اگر حکومتی یا اپوزیشن کے امیددار کی جانب سے ہو تو اس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گاانہوں نے کہاکہ ہم اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انہوں نے سی سی پی او کو واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت آج بروزہ جمعہ تک ملتوی کردی۔