جون کے آخر میں معمولی سے زیادہ بارشیں کی پیشگوئی

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی پر فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے،نشیبی علاقوں، زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں ابھی سے انتظامات یقینی بنائے جائیں،پیشگی حفاظتی انتظامات، امدادی سازوسامان کی دستیابی کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت تیار کرنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ زرعی علاقوں میں فصلوں، مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیاجائے، محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے نقاصی آب، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، سپرے کے انتظامات کئے جائیں۔